حیدرآباد۔18اگست ( سیاست نیوز) سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کے جامع سروے میں محکمہ پولیس بھی سرگرم رول ادا کررہا ہے ۔ انہوں نے آج اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ تقریباً 4ہزار پولیس ملازم جو مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں ‘ سروے میں شمارکنندہ کا کام کریں گے جنہیں سروے کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔ ان ملازمین میں کانسٹبل سطح سے لیکر سب انسپکٹر سطح کے عہدیدار شامل ہیں جنہیں گذشتہ ایک ہفتہ سے خصوصی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گھر گھر جاری سروے میں شہریوں کی تفصیلات کے اندراج کیلئے انہیں خصوصی طور پر تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ محکمہ پولیس سے وابستہ ملازمین و عملہ جو سروے کے لئے مختص کیا گیا ہے بلدی کمشنر کی نگرانی میں اپنی خدمات انجام دے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سروے کے اس تجربہ سے پولیس ملازمین کو کافی فائدہ ہوگا ۔ عوام سے قریب ہونے کا ایک موقع کے علاوہ اپنے تجربہ میں اضافہ اور ڈیوٹی میں اس تجربہ کے استعمال کا بھی راست فائدہ پولیس ملازمین حاصل کرسکتے ہیں ۔