نئی دہلی 17 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے 22 نومبر کو ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ آئندہ پیر سے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس میں کام کاج کو سہل بنایا جاسکے ۔ سمترا مہاجن نے مختلف جماعتوں کے قائدین کو تبادلہ خیال کیلئے عشائیہ پر مدعو کیا ہے ۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا اختتام 23 ڈسمبر کو ہونے والا ہے ۔ اس اجلاس میں کئی قانون سازیوں کا امکان ہے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ حکومت مختلف مسائل پر مباحث میں اپوزیشن کو زیادہ سے زیادہ موقع دینا چاہتی ہے ۔ حکومت کے حلقوں کو امید ہے کہ حکومت اس اجلاس کو ایک مزید با معنی اور تعمیری امر بنانے میں تعاون کریگی ۔ کانگریس تاہم ایسا لگتا ہے کہ حکومت سے خوش نہیں ہے اور اس کے ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ کانگریس حالانکہ ایک تعمیری اپوزیشن ہے لیکن حکومت کا رویہ اس کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے ۔ حکومت نے کانگریس کو قائد اپوزیشن کے عہدہ سے بھی محروم کردیا ہے ۔