ادھمپور ( جموں و کشمیر ) ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین سے قبل ہندوستانی و چینی افواج نے پندرہ دن میں تیسری مرتبہ اجلاس منعقد کیا ۔ یہ اجلاس جموںو کشمیر میں لداخ سیکٹر میں ہوا اور دونوں ہی افواج نے سرحد پر امن اور سکون کی ضرورت پر زور دیا ۔ جموں کے پی آر او کرنل ایس ڈی گوسوامی نے کہا کہلداخ میں چوشول سیکٹر میں چین کے علاقہ میں ایک رسمی سرحدی اہلکاروں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس ملاقات میں ہندوستانی وفد کی قیادت بریگیڈئیر جے کے ایس ورک نے کی جبکہ چین کے وفد کے سربراہ سینئر کرنل فنجون تھے ۔ گذشتہ پندرہ دن میں دونوں ممالک کی افواج کی یہ تیسری ملاقات رہی ۔
جموں کے ڈوڈا ضلع میں برفباری
بدرواہ ( جموںو کشمیر ) ۔ یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں کے ڈوڈا ضلع میں پہاڑی اور دوسرے بالائی حصوں میں کئی مقامات پر آج تازہ برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع ڈوڈا کی بدرواہ تحصیل میں کئی مقامات پر گذشتہ شب سے برفباری ہوئی ہے ۔ کم از کم دو تا تین انچ برف جمی ہوئی پائی گئی ۔ جہاں تازہ برفباری ہوئی ان میں کنسر ‘ شلکھوجا ‘ پدری ‘ کٹیارا ‘ تھنالا ‘ کھامی ٹاپ ‘ الپاٹری اور دوسرے علاقے شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تازہ برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت میں گراوٹ آگئی ہے اور لوگ گرم لباس ذیب تن کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ تازہ برفباری کے نتیجہ میں زرعی اور ہارٹیکلچر شعبہ پر منفی اثر ہوگا ۔