اقوام متحدہ۔یکم فروری(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری انتونیو گٹیرس نے آج سرحد پر امتیازی سلوک مبرا نظام کی ضرورت پر زور دیا۔مسٹر گٹیرس نے کہا ’’ملکوں کو یہ حق ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لئے دہشت گردوں کی جانب سے غیر قانونی در اندازی سے بچنے کے لئے اپنی سرحد پر سخت نگرانی رکھیں اور پابندی لگائیں لیکن یہ مذہب ،نسل یا قومیت کی بنیاد پر نہیں ہو نا چاہیے ۔ایسا کرنا سماجی اور بنیادی اصولوں کے خلاف ہے ۔مسٹر گٹیرس نے ٹرمپ یا ان کی پالیسیوں کا ذکر کئے بغیر ہی یہ بات کہی۔انہوں نے ایتھوپیامیں بھی گزشتہ ہفتہ افریقہ سمٹ کے دوران اسی طرح کا بیان دیا تھا۔انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پابندی لگانے کے امتیازی حکم کے بعد بڑے پیمانے پر لوگوں کے درمیان غصہ ابھرے گا جس کا استعمال دہشت گرد تنظیم کرسکتی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے کچھ مسلم اکثریتی والے ممالک سے امریکہ میں آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد محدود کرنے سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے تھے ۔ اس حکم کے تحت دہشت گرد حملوں سے بچنے کا حوالہ دیتے ہوئے شام اور چھ دیگر مسلم اکثریتی ممالک سے آ رہے پناہ گزینوں کو ملک میں داخل ہونے پر عارضی طور پر روک لگا دی گئی ہے ۔