کابل ، 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے یہاں افغان صدر اشرف غنی اورافغان قومی سلامتی امور کے مشیر حنیف اتمارسے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ’’ کابل کے صدارتی محل میں جنرل راحیل شریف اور صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔‘‘ اس دوران بات چیت مثبت رہی۔ جنرل راحیل کا دورۂ کابل پاکستان اور افغانستان کے درمیان مختلف سطح پر جاری ملاقاتوں کا حصہ ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے بتایا کہ آرمی چیف کابل میں دفاعی تعاون اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔