سرینگر ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ فوج جنرل بپن راوت صیانتی صورتحال کا جائزہ لینے اور فوج کی کشمیر کے خطہ قبضہ پر کارروائی کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے جموں و کشمیر پہونچ گئے۔ بادامی باغ کنٹونمنٹ ایریا میں آج صبح اُن کا ایک روزہ سرکاری دورہ شروع ہوا۔ اُنھیں خطہ قبضہ پر صورتحال کی تفصیل سے واقف کروایا جائے گا کیوں کہ خطہ قبضہ کے پار سے دراندازی کے بارے میں اطلاعات ملی ہیں۔ دریں اثناء جنرل انجینئرنگ ریزرو فورس کے ایک مزدور کو ہلاک اور دیگر دو کو بشمول ایک بی ایس ایف فوجی زخمی کردیا گیا۔ جبکہ پاکستان نے مارٹر شل باری اور ہراول چوکیوں پر فائرنگ کے ذریعہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں خطہ قبضہ کے پاس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔