پشاور ۔12 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پشاور کے علا قے بڈھ بیر میں امن لشکر کے سربراہ کے گھر پر دستی بم حملہ اور فائرنگ سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے پہنچنے کے بعد دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ بھی ہوا جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ادھر صدر مملکت، وزیر اعظم اور دیگر سیاسی قائدین نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایسی کاروائیوں سے ملک کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے ان مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گئے جبکہ واقعہ کی فوری اور مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق امن لشکر کے سربراہ پیر اسرار کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے دستی بموں سے حملہ کیا اور جب گھر میں موجود افراد باہر آئے تو گھات لگائے 15 سے 20 مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پیر اسرار، ان کے 2 بیٹے ، بھائی اور قریبی رشتہ دار سمیت 9 افراد مارے گئے۔