نیویارک ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ستیہ ناڈیلا اور سندر پچائی جو بالترتیب ٹکنالوجی کی دُنیا کی بڑی کمپنیاں تصور کی جانے والی مائیکرو سافٹ اور گوگل کے ہندوستانی نژاد سی ای اوز ہیں ، نے آج نیویارک میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ’’ہیبتناک پرتشدد واقعہ‘‘ سے تعبیر کیا جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ ایک 29 سالہ ازبیک شخص جو مبینہ طورپر دولت اسلامیہ سے مرعوب بتایا جاتا ہے ، نے ایک پک اپ ٹرک کو ایک ایسے علاقہ میں گُھسا دیا جو صرف موٹر سائیکل سواروں کے لئے مختص تھا ۔ 11 ستمبر 2001 ء کے بعد نیویارک سٹی میں اسے بدترین دہشت گردانہ واقعہ تصور کیا جارہا ہے ۔ اس حملہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد گیارہ بتائی گئی ہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ۔ اس موقع پر 50 سالہ ناڈیلا نے جو اس وقت واشنگٹن میں رہتے ہیں ، نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ارکان خاندان اور نیویارک کے ایسے تمام لوگ جو اس پُرتشدد واقعہ سے کسی نہ کسی طرح متاثر ہوئے ہیں ، کے ساتھ ہماری تمام تر ہمدردیاں ہیں۔ یاد رہے کہ ستیہ ناڈیلا کا تعلق ہندوستان کے شہر حیدرآباد سے ہے۔ دوسری طرف 45 سالہ سندر پچائی جنھوں نے 2015 ء میں گوگل کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، نے بھی مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کی بھی بروقت کارروائی کرنے پر ستائش کی ۔ اسی طرح ایپل سی ای او ٹیم کوک نے بھی اس دہشت گردانہ واقعہ کی مذمت کی ۔