حیدرآباد۔ 30 اکتوبر (پی ٹی آئی) خصوصی عدالت سابقہ ستیم کمپیوٹر سرویسیس لمیٹیڈ کے دھوکہ دہی مقدمہ کے سلسلے میں 23 ڈسمبر کو فیصلہ سنائے گی۔ کئی کروڑ روپئے کے اس اسکام میں کارپوریٹ شعبہ کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ خصوصی جج نے وی وی ایل این چکراورتی نے فیصلہ کے لئے جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا ہے، 23 ڈسمبر کی تاریخ مقرر کی۔ اس مقدمہ کے تمام 10 ملزمین بشمول کلیدی ملزمین ستیم کمپیوٹرس کے بانی اور سابق صدرنشین بی رامالنگا راجو اور ان کے بھائی و ستیم کے سابق ایم ڈی بی راما راجو آج عدالت میں پیش ہوئے۔ میڈیا کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سی بی آئی کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے سریندر نے کہا کہ مقدمہ کا فیصلہ 23 ڈسمبر کو سنایا جائے گا اور بالفرض فیصلہ سنانے میں مقدمہ کی نوعیت کے اعتبار سے ناکامی ہو تو مزید چند دن لگ سکتے ہیں۔ اس دوران عدالت نے دفاع اور استغاثہ کی بحث کی سماعت کی جبکہ بی راما لنگا راجو نے ایک درخواست پیش کرتے ہوئے دھوکہ دہی معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں سی بی آئی کی جانب سے پیش کردہ الیکٹرانک شواہد کے معتبر ہونے کو چیلنج کیا تھا۔