مشتعل ہجوم نے رکن اسمبلی کو اپنے علاقے سے نکال باہر کردیا ، ترقیات کے نام پر صفر کارکردگی
ستنا، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے خلاف عوام کی ناراضگی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ وزیراعظم مودی کے وعدوں کی عدم تکمیل اور مختلف ریاستوں میں مقامی بی جے پی ارکان اسمبلی کی بھی صفر کارکردگی نے عوام کو مشتعل کردیا ہے ۔ ایک تازہ واقعہ میں مدھیہ پردیش کے اسمبلی حلقہ ستنا میں عوام میں بی جے پی رکن اسمبلی شنکر لال تیواری کو گھسیٹ کر گاؤں سے باہر نکال دیا ۔ عوام نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی امیدوار اور موجودہ رکن اسمبلی نے گزشتہ پانچ سال کے دور ان ان کے حلقہ میں کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ رکن اسمبلی جب یہاں انتخابی مہم کیلئے پہونچے تو ستنا شہر کے وارڈ نمبر 4 بھیگا میں مشتعل ہجوم نے انہیں واپس چلے جانے کا حکم دیا ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ شنکر لال تیواری نے جتنے بھی انتخابی وعدے کئے تھے انہیں آج تک پورا نہیں کیا ۔ انتخابی مہم چلانے سے روکتے ہوئے باہر کا رستہ دکھادیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ایم ایل اے کی وعدہ خلافی سے لوگ کافی ناراض تھے ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ وعدہ خلافی سے ناراض علاقے کے عوام نے ممبر اسمبلی شنکر لال تواری کو لوگوں سے رابطہ قائم نہیں کرنے دیا۔ عوام کے غصہ کو دیکھ کرممبر اسمبلی کو علاقے سے بیرنگ لوٹنا پڑا۔دراصل اس علاقے میں شہریوں نے کافی وقت پہلے ایک عدد بجلی کے کھمبے کی مانگ کی تھی۔ یہ مکمل نہ ہونے سے مقامی لوگ خاصے ناراض تھے ۔ اسی کا خمیازہ ممبر اسمبلی کو بھگتنا پڑا۔