نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) موتی لال نہرو پلیس میں ایک وسیع و عریض بنگلہ وزیراعظم منموہن سنگھ کی آئندہ عام انتخابات کے بعد سبکدوشی کے بعد قیامگاہ ہوگا۔ 3 موتی لال نہرو پلیس ٹائپ VIII بنگلہ جس کا رقبہ ڈھائی ایکر ہے، حال ہی میں چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ کی قیامگاہ تھا جو انتخابی ناکامی کے بعد اِس کا تخلیہ کرچکی ہیں۔ یہاں پر سابق وزیراعظم کی ضروریات کی تکمیل کے لئے ایک دفتر کی گنجائش بھی موجود ہے۔ اِس کے علاوہ سبزہ زار بھی موجود ہے۔ بنگلہ میں منموہن سنگھ کی منتقلی سے قبل کچھ تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے گا۔ منموہن سنگھ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور فی الحال سرکاری قیامگاہ 7 ریس کورس روڈ میں مقیم ہیں۔