سبسیڈی پر 12 گیس سلینڈر کے کوٹہ سے کسی بھی وقت استفادہ کی سہولت

نئی دہلی ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صارفین کو راحت فراہم کرتے ہوئے مرکزی کابینہ نے سبسیڈی پر دیئے جانے والے پکوان گیس سلینڈر پر عائد پابندی کو برخاست کردیا اور کہا کہ اب 12 سلینڈرس کوٹہ کا سال میں کسی بھی وقت استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ اب تک سبسیڈی پر ایک ماہ میں صرف ایک ہی سلینڈر کی پابندی عائد تھی۔ حکومت نے اس سے پہلے فروری میں سبسیڈی پر دیئے جانے والے سالانہ 9 سلینڈرس کی تعداد کو بڑھا کر 12 کردیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ یہ پابندی بھی لگا دی تھی کہ ہر ماہ صرف ایک ہی سلینڈر سبسیڈی پر دیا جائے گا۔ کابینہ آج اس نتیجہ پر پہنچی کہ موجودہ طریقہ کار سے عوام کو مشکل ہورہی ہے۔ بسااوقات سلینڈر کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی اور کبھی تہوار کے سیزن میں اس کی طلب بڑھ جاتی ہے۔ چنانچہ اگر کوئی ایک ماہ میں سبسیڈی پر دیئے جانے والے سلینڈر کی سہولت سے استفادہ نہ کرے تو پھر وہ آئندہ ماہ اس سہولت سے محروم ہوجائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے اس فیصلہ سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو واقف کراتے ہوئے وزیرٹیلیکام و قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ ان پابندیوں کو برخاست کردیا گیا۔