نئی دہلی 27 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنین سوامی پر طنز کرتے ہوئے انہیں نیوکلئیر مادہ قرار دیا ہے اور کہا کہ بی جے پی نے اسے پارلیمنٹ منتقل کیا جو وہاں پھٹ سکتا ہے ۔ پارٹی ترجمان کپل سبل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے نیوکلئیر تابکار مادہ پارلیمنٹ منتقل کیا ہے اور وہاں رکھا ہے ۔ یہ انہیں پر پھٹ سکتا ہے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی پہلے ہی اس کا شکار بنتے محسوس کر رہے ہیں۔ سبرامنین سوامی کی ارون جیٹلی ‘ آر بی آر گورنر رگھو رام راجن اور وزارت فینانس کے عہدیداروں پر تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کپل سبل نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں ایسا کبھی نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم ‘ رگھو رام راجن پر سوامی کی تنقیدوں کو مسترد کر رہے ہیں اس کا اب کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ خود راجن نے دوسری معیاد سے انکار کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو پریس کانفرنس میں آنا چاہئے تاکہ صحافی وہاں ان سے سوالات کرسکیں۔