تلنگانہ کی عوام نے کانگریس کو مسترد کردیا، رکن پارلیمنٹ ٹی آر ایس نرسیا گوڑ کا بیان
حیدرآباد۔/28جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ نے پیش قیاسی کی ہے کہ 2019کے عام انتخابات میں کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں اپوزیشن کا موقف بھی حاصل نہیں ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرسیا گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے کانگریس پارٹی کو مسترد کردیا ہے لیکن پارٹی قائدین ابھی بھی خود کو حکمراں تصور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد کردہ پارٹی اور اس کے قائدین کو کوئی حق نہیں کہ وہ حکومت کی ہر اسکیم پر تنقید کرے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور میں چیف منسٹرس کا انتخاب عوام اور ارکان اسمبلی کی جانب سے نہیں بلکہ ہائی کمان کی جانب سے کیا جاتا تھا۔ مہربند لفافہ میں چیف منسٹر کے نام دہلی سے روانہ کئے جاتے اور وہی نام عوام پر مسلط کردیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں سکڑرہی ہے اور علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر مجبور ہوچکی ہے۔