حالت نشہ میں ڈرائیونگ اور قواعد کی دیگر خلاف ورزیوں پر انتباہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی وی سرینواس راؤ نے سال نو کے موقع پر 31 دسمبر کی رات سے یکم جنوری کی صبح تک حسین ساگر جھیل کے اطراف واکناف کے علاقوں ٹریفک کی آمد و رفت کو موثر کنٹرول کے ذریعہ پرسکون اور آرام دہ بنانے کے لیے بعض تحدیدات عائد کئے ہیں ۔ این ٹی آر مارگ نیکلس روڈ اور بالائی ٹینک بنڈ پر 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب 10 بجے شب تا 2 بجے شب گاڑیوں کی آمد و رفت کی اجازت نہیں رہے گی ۔ وی وی مجسمہ سے نیکلس روڈ اور این ٹی آر مارگ کی سمت آنے والی ٹریفک کو وی وی مجسمہ سے خیریت آباد اور راج بھون روڈ کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ بی آر کے بھون سے این ٹی آر مارگ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ اقبال مینار ، لکڑی کا پل اور ایودھیا نگر کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ تمام فلائی اوورس پر ٹریفک کی آمد و رفت بند رہے گی ۔ ٹورسٹ بس ، لاریوں اور دیگر بڑی گاڑیوں کو یکم جنوری 2018 کی 2 بجے شب تک شہری حدود میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ شہر کے تمام اہم مقامات پر حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف پولیس مہم چلائی جائے گی ۔ تیز رفتار گاڑی چلانے والوں اور ایک موٹر سیکل پر تین افراد کی سواری اور ٹریفک قواعد کی دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔۔
سال نو پر گورنر کی عوام سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش و تلنگانہ کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن عام روایت کے مطابق سال نو کے موقع پر یکم جنوری 2018 کو 11 بجے دن تا دوپہر 12 بجے راج بھون کے دربار ہال عوام اور شہری سماج کے قائدین سے مبارکباد کا تبادلہ کریں گے ۔۔