حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد و سائبر آباد پولیس نے سال نو تقاریب کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے عملی اقدامات و منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ۔ تقاریب کا انعقاد کرنے والے اداروں ، ہوٹلس ، پبس ، اسٹار ہوٹلس ، اور ریسارٹس انتظامیہ کو پابند کرنے کے بعد آج شام سے ناکہ بندی اور تلاشی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ سائبر آباد پولیس نے سارے اہم راستوں پر ناکہ بندی اور تلاشی کا آغاز کردیا ہے ۔ جب کہ سٹی پولیس نے اہم راستوں پر اپنی مہم میں شدت پیدا کردی ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سال نو تقاریب میں کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے اور منشیات کے استعمال کو روکنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر انوراگ شرما نے بتایا کہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں سال نو کا تقاریب کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا اور اسٹار ہوٹلس ، ریزاٹس ، پبس و دیگر ایسے مقامات جہاں سال نو تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے انہیں پابند کردیا گیا ہے ایک بجے کے بعد اپنی تقریب کو بند کردیں اور پولیس کی جانب سے دی گئی ہدایت پر سختی سے عمل کرے ۔ سال نو تقریب کو منعقد کرنے والوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ خود وائیلٹ پارکنگ کے علاوہ اپنی خود کی سیکوریٹی اور زائد ڈرائیورس کی خدمات حاصل کریں ۔ اور منشیات کے استعمال پر سخت نظر رکھیں ۔ کسی بھی مقام پر منشیات کے استعمال کی تصدیق کے بعد آرگنائزر کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ کمشنر سٹی پولیس نے بتایا کہ کمسن نابالغ لڑکے و لڑکیوں کی پارٹیوں میں شرکت پر پابندی کرے گی ۔ اس کے علاوہ 45 ڈیز سیلز سے زائد آواز کی اجازت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے آرگنائزرس کو مشورہ دیا کہ وہ منشیات کا استعمال کرنے والوں کے متعلق پولیس کو اطلاع دیں ۔ کمشنر پولیس مسٹر انوراگ شرما نے کہا کہ ایک بجے کے بعد سڑکوں پر نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے اور موج مستی سے دوسروں کو تکلیف پہونچانے والوں کے خلاف پولیس کارروائی کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں سال نو تقاریب کے انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔