اساتذہ کے تقررات اور کنٹراکٹ ملازمین کیلئے خوشخبری
حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مخلوعہ اساتذہ کی جائیدادوں پر تقرر کیلئے ڈی ایس سی میں شرکت کے منتظر امیدواروں کیلئے حکومت تلنگانہ نے نئے سال کے تحفہ کے طور پر 15 تا 20 ہزار اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حکومت اب تک ماہ اپریل میں ٹیٹ (ٹیچرس اہلیتی ٹیسٹ) منعقد کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرائمری اسکول تعلیم کے شعبہ میں 10,961 اور اسکول اسسٹنٹس کی 7,500 جائیدادیں مخلوعہ رہنے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ اقامتی مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادیں ملاکر ریاست میں 15 تا 20 ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کی توقع ہے۔ اساتذہ کے تقررات سے متعلق بہت جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کی توقع ہے۔ اس خصوص میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنے کابینی رفقاء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ سرکاری خدمات میں تقررات کیلئے ایک پالیسی وضع کرنے اور کنٹراکٹ سسٹم برخاست کردینے پر غوروخوض کیا گیا۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر 2 جنوری کو کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کیلئے خوشخبری کا اعلان کریں گے جن کے مشاہیروں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔