حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) سالار جنگ میوزیم نے پہلے سولار میوزیم ہونے کا ریکارڈ بنانے کے بعد اب ایک اور نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جس کے اعتبار سے سالار جنگ میوزیم ملک کا پہلا ایسا میوزیم ہے جہاں سیاحوں کو میوزیم کے احاطہ میں وائی فائی کی سہولت دستیاب رہے گی۔ ماہ جولائی کے پہلے ہفتہ سے سالار جنگ میوزیم میں موجود تمام 38 راہداریوں میں سیاحوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کے متعلق اقدامات تیز تر کردیئے گئے ہیں تاکہ سالار جنگ میوزیم کو ملک کا ایسا پہلا میوزیم بنایا جاسکے جہاں وائی فائی سہولت موجود ہو اور سیاح اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے انٹرنیٹ کے ذریعہ عالمی سطح پر رابطہ میں رہ سکیں۔ میوزیم ذرائع کے بموجب ابتدائی طور پر سالار جنگ میوزیم کے اُن علاقوں کو وائی فائی سے مربوط کیا جائے گا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ علاوہ ازیں میوزیم کی دو منزلہ عمارت کو مکمل طور پر وائی فائی سے مربوط کرنے کے اُمور کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میوزیم میں موجود 38 علیحدہ علیحدہ راہداریوں کے علاوہ سنٹرل، ایسٹرن اور ویسٹرن بلاکس کو بھی وائی فائی سے مربوط کرنے کا منصوبہ ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب سالار جنگ میوزیم شمسی برقی نظام سے مربوط کرنے کے بعد اب وائی فائی جیسی عصری سہولت کی میوزیم کے احاطہ میں فراہمی کے ذریعہ سالار جنگ میوزیم کو ملک میں منفرد اہمیت کا حامل عجائب گھر میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ اِس عجائب گھر میں جہاں قیمتی نوادرات و اشیاء موجود ہیں وہاں اب عصری سہولتیں بھی فراہم کی جاسکے۔ میوزیم ذرائع کے بموجب میوزیم کو ابتدائی طور پر عوامی علاقوں میں وائی فائی سے مربوط کرنے کا منصوبہ ہے بعدازاں لائبریری کے علاوہ دیگر علاقوں کو بھی وائی فائی سے مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اِس سلسلہ میں سالار جنگ میوزیم انتظامیہ کو سکیوریٹی کی جانب سے اجازت نامہ حاصل ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میوزیم کو انٹرنیٹ سے مربوط کرنے سے متعلق متعدد مرتبہ غور و خوض کیا گیا چونکہ عصری نظام سے مربوط کرنے کے سلسلہ میں صیانتی اُمور درپیش رہتے ہیں۔ میوزیم میں لاقیمت نوادرات کا تحفظ ملک کے انتہائی اہم ترین سکیوریٹی عملہ کی جانب سے کیا جاتا ہے اور سی آئی ایس ایف میوزیم کے سکیوریٹی اُمور کا نگران محکمہ ہے۔ سالار جنگ میوزیم کو انٹرنیٹ سے مربوط کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں تجرباتی اساس پر میوزیم کے اندرونی حصہ میں وائی فائی خدمات کا آغاز ہوجائے گا۔