سالارجنگ میوزیم میں ملک کی منفرد اسلامی آرٹ گیلری کی تیاریاں

عجائب گھر میں خصوصی اسلامی گوشہ، چار کروڑ کا خرچ، اے ناگیندر ریڈی
حیدرآباد۔23جنوری(سیاست نیوز) سالار جنگ میوزیم میں ملک کی منفرد اسلامی آرٹ گیلری کی تیاریاں عروج پر ہیں اور جاریہ سال کے اختتام تک یہ آرٹ گیلری مکمل طور پر تیار ہو جائے گی۔ عالمی سطح کے عجائب گھروں میں موجود اسلامی آرٹ گیلری کے طرز کی معیاری آرٹ گیلری کے مستقل قیام کا سالار جنگ میوزیم نے فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے بعد سالار جنگ میوزیم ہندستان کا واحد اور پہلا عجائب گھر ہوگا جس میں خصوصی اسلامی آرٹ گیلری ہو گی۔ 26ہزار مربع فیٹ پر تعمیر کی جانے والی اس آرٹ گیلری میں 2500سے زائد ایسے مخطوطات و نوادرات کے علاوہ قرآنی نسخہ ‘ جائے نماز‘ تلوار و دیگر اشیاء عوامی مشاہدے کیلئے رکھے جائیں گے اور اس خصوصی گوشہ کی تعمیر کیلئے 4کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ میوزیم کے ذمہ داروں کے بموجب سالار جنگ میوزیم میں اسلامی آرٹ گیلری کے آغاز کے بعد سالار جنگ عالمی سطح پر تیسرا عجائب گھر ہو جائے گا جس میں اسلامی آرٹ گیلری موجود ہے۔ ڈائریکٹر سالار جنگ میوزیم مسٹر اے ناگیندر ریڈی کے بموجب فی الحال دنیا میں دو ایسے عجائب گھر ہیں جہاں اس طرح کی آرٹ گیلری موجود ہیں جن میں ایک وکٹوریا آلبرٹ میوزیم لندن اور میٹرو پولیٹین میوزیم نیو یارک شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سالار جنگ میوزیم میں فی الحال ہندستانی آرٹ‘ مشرقی وسطی آرٹ‘ یوروپین آرٹ کی علحدہ علحدہ آرٹ گیلری موجود ہیں ۔