سافٹ ویر ناکام، ایئر انڈیا کی 155 پروازیں مسدود

دنیا بھر کے ہوائی اڈوں پر ایئر انڈیا کے مسافرین پریشان
نئی دہلی۔/27 اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہفتہ کو دنیا کے بہت سے ہوائی اڈوں پر ایر انڈیا کے مسافرین کے لئے بہت ہی آزمائشی وقت تھا کیونکہ اس کی 155 پروازیں 5 گھنٹے تک محض کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے مسدود رہیں۔ ایر انڈیا کے صدر نشین اور منیجنگ ڈائرکٹر اشونی لوہانی نے بتایا کہ مسافروں کے سفری ساز و سامان اور ریزرویشن کا جائزہ لینے والا سافٹ ویر غیر کارکرد ہوگیا تھا، اس نے کام کرنا بند کردیا تھا۔ ساری دنیا میں ایر انڈیا کے ہزاروں مسافر عالمی طیرانگاہوں پر پھنس گئے۔ ایر انڈیا کا عملہ انہیں بورڈنگ پاس جاری کرنے سے قاصر تھا۔ ایر انڈیا کا پاسنجر سرویس سسٹم ( پی ایس ایس ) اٹلانٹا کی کمپنی ’ سیٹا ‘ سربراہ کرتی ہے۔لوہانی نے کہا کہ صبح 10 بجے تک پی ایس ایس کے بند ہوجانے سے 25 پروازوں میں تاخیر ہوچکی تھی۔ مزید چند پروازوں کو بھی اسی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا ۔ ایر انڈیا گروپ کی پروازوں کی اوسط تعداد جس میں ایر الائینس اور ایر انڈیا ایکسپریس کی یومیہ پروازیں بھی شامل ہیں 674 کے لگ بھگ ہیں۔ زیادہ تر مقامی پروازیں سافٹ ویر کے کام کرنا بند کردینے سے متاثر ہوئیں۔ لوہانی نے بتایا کہ متاثرہ مسافروں کو سوشیل میڈیا اور کال سنٹر کے ذریعہ اطلاعات پہنچائی جارہی ہیں۔ جن مسافرین کی پروازیں چھوٹ گئیں انہیں ہوٹل میں قیام کی سہولت دی جارہی ہے۔