کٹھمنڈو 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سارک ممالک کے عہدیداروں کا آج یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں کٹھمنڈو میں ہونے والی سارک چوٹی کانفرنس کے اعلامیہ کو قطعیت دینے کی کوشش کی گئی ۔ اس طرح 18 ویں سارک چوٹی کانفرنس کیلئے ماقبل اجلاس ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ تمام آٹھ رکن ممالک کے جوائنٹ سکریٹریز نے سارک پروگرامنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جس کا آج صبح آعاز ہوا تھا جس میں 26 – 27 نومبر کو ہونے والی سارک چوٹی کانفرنس کے ایجنڈہ کو قطعیت دی گئی ۔ نیپال کے وزیر خارجہ مسٹر مہیندر بہادر پانڈے نے کل کہا تھا کہ آج کے اجلاس میں ضرورت پڑنے پر کٹھمنڈو اعلامیہ میں مناسب تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں۔ اس اجلاس میں ہندوستانی وفد کی قیادت جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ اجئے گونڈامے نے کی جبکہ یگیہ بہادر حمال جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ نیپال نے میزبان ملک کے وفد کی قیادت کی ۔ پروگرامنگ کمیٹی اجلاس کا آغاز مالدیپ کی جانب سے میزبان ملک کو کرسی صدارت کی حوالگی سے ہوا ۔ اجلاس کے دوران سارک رکن ممالک کے جوائنٹ سکریٹریز کی جانب سے سابقہ پرامنگ کمیٹی اجلاسوں میں کی گئی مختلف سفارشات پر اب تک ہوئی عمل آوری کا بھی جائزہ لیا جائیگا ۔ اجلاس میں سال 2015 کی مصروفیات کو قطعیت دینے کے تعلق سے بھی غور و خوض کیا جائیگا وزارت خارجہ نیپال کے ترجمان کھگناتھ ادھیکاری نے یہ بات بتائی ۔ بتایا گیا کہ اجلاس میں سارک کے تین علاقائی مراکز کو ختم کرنے کے تعلق سے بھی غور کیا جارہا ہے ۔ اس اجلاس میں تفصیلات کو قطعیت دئے جانے کے بعد رکن ممالک کے معتمدین خارجہ کا اجلاس ہوگا جس میں ایجنڈہ کو آگے بڑھایا جائیگا ۔