اسلام آباد 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو کے فرزند بلاول زرداری نے آج کہا کہ ان کی پارٹی ہندوستان سے پورے کا پورا کشمیر واپس لے گی ۔ بلاول نے ملتان میں پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی اور ان کی حامیوں نے اس کا پرجوش خیر مقدم کیا ۔ ہندوستان نے بلاول کے اس بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا کہ بلاول کا اعلان حقیقت سے بعید ہے ۔ بلاول نے آئندہ عام انتخابات 2018 میں اپنی والدہ کے حلقہ انتخاب لاڑکانہ سے مقابلہ کا اعلان کیا ہے ۔ وہ پاکستان کی پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کرتے ہیں۔ ان کی پارٹی نے ہمیشہ ہی ہندوستان سے بہتر تعلقات کی خواہش کا ادعا کیا ہے ۔ ان کی پارٹی گذشتہ سال کے انتخابات میں ہوئی شکست کے بعد سے خود کو مجتمع کرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے ملتان میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کی موجودگی میں یہ بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان سے پورا کشمیر واپس لیں گے ۔ وہ سارا کشمیر لیں گے ۔ ایک انچ بھی نہیں چھوڑینگے کیونکہ دوسرے صوبوں کی طرح کشمیر بھی پاکستان کا ہے ۔ بلاول بھٹو کی والدہ مرحومہ بے نظیر بھٹو دوبار پاکستان کی وزیراعظم رہیں جبکہ بلاول کے نانا اور بے نظیر کے والد مرحوم ذوالفقار علی بھی 1970 ء کے دہے میں پاکستان کے وزیراعظم رہے ۔
انھوں نے 1967 ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کی داغ بیل ڈالی جبکہ بلاول کے والد آصف علی زرداری 2008 ء تا 2013 ء پاکستان کے صدر رہے ۔ بلاول کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے اسے حقیقت سے بعید قرار دیا ہے اور کہا کہ ہندوستان کی سالمیت اور اس کے اتحاد پر کوئی بات نہیں ہوگی ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ ہم آگے بڑھنے کے عمل میں شامل ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری سرحدات میں تبدیلی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریمارکس دونوں ملکوں کو سابقہ صدی میں لیجاتے ہیں۔ اس دوران بی جے پی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) لیڈر بلاول بھٹو کے اس بیان کو بچکانہ قرار دیا کہ سارے کشمیر کو واپس حاصل کرلیا جائے گا۔ بی جے پی نے کہا کہ کشمیر کا سارا علاقہ ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور رہے گا۔ اس سلسلے میں کسی طرح کی بات چیت ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہندوستانیوں کے دِل میں بسا ہوا ہے۔ بلاول بھٹو کا بیان انتہائی بچکانہ ہے ۔ علاوہ ازیں کانگریس نے بھی بلاول کے بیان کو دن کا خواب قرار دیا ہے ۔ کانگریس ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر سابق سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تصویر پیش کرکے یہ ریمارک بھی پیش کیا گیا کہ ’’ پاکستان نے ہتھیار ڈال دئے ہیں۔ ڈھاکہ ایک آزاد ملک کا آزاد دارالحکومت ہے ‘۔ یہ ریمارک اندرا گاندھی نے 16 ڈسمبر 1971 کو اس وقت کیا تھا جب ہند ۔ پاک جنگ ختم ہوئی تھی ۔ ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر 1948, 1965,1971 اور 1991 سالوں کو بھی سرخ تحریر میں پیش کیا گیا ہے جب پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ جنگیں ہاری تھیں۔ پارٹی سکریٹری سنجے نروپم نے ٹوئیٹر پر کہا کہ بلاول دن کا خواب دیکھ رہے ہیں۔