سابق چیف منسٹر متحدہ اے پی کے فرزند کی آئندہ ماہ وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت

آئندہ انتخابات میں جگن موہن ریڈی چیف منسٹر ہوں گے، این رام کمار ریڈی کا حامیوں کیساتھ اجلاس سے خطاب

حیدرآباد 19 اگسٹ (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش مسٹر این جناردھن ریڈی کے فرزند مسٹر این رام کمار ریڈی نے کہاکہ وہ ماہ ستمبر کے پہلے ہفتہ میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن اے پی اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے ان کی موجودگی میں اپنے حامیوں کے ہمراہ وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ رام کمار ریڈی نے اپنی قیامگاہ پر اپنے حامیوں و دیگر کارکنوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کے مطابق وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور اپنے تمام حامیوں و کارکنوں سے متحدہ جدوجہد کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں جگن موہن ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر آندھراپردیش کا چیف منسٹر بنانے کی پرزور اپیل کی۔ علاوہ ازیں حلقہ اسمبلی وینکٹ گیری میں جہاں وائی ایس آر کانگریس کا موقف کافی مضبوط و طاقتور ہے وہیں مزید مستحکم بنانے کے لئے ہر ایک کو سپاہی کی طرح کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں انھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حامیوں اور کارکنوں کی خواہش کے مطابق ہی ستمبر میں وائی ایس آر کانگریس سے وابستہ ہوجانے کا فیصلہ کیا ہے اور بتایا کہ جگن موہن ریڈی کی قائدانہ صلاحیت اور اُصول و پالیسیوں سے متاثر ہوکر ہی وہ پارٹی میں شامل ہوں گے اور حلقہ اسمبلی وینکٹ گیری سے ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔