نئی دہلی 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) : سپریم کورٹ نے آج غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کو کرناٹک ہائی کورٹ میں ان کی عرضی کی یکسوئی تک ضمانت میں توسیع کردی ہے جبکہ اس کیس میں انہیں 4 سال کی سزائے قید ہوئی ہے ۔ عدالت العالیہ نے کرناٹک ہائی کورٹ رجسٹری کی ایک عرضی کو بھی سماعت کے لیے قبول کرلیا ہے ۔ جس میں ہائی کورٹ جج نے یہ گذارش کی ہے کہ جیہ للیتا کی درخواست کی یکسوئی کے لیے مقررہ آخری تاریخ 18 اپریل میں 12 مئی تک توسیع کردی جائے ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو اور جسٹس اے مصرا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ عدالت العالیہ کے وسیع بنچ پر سماعت ہے لہذا کرناٹک ہائی کورٹ جج اپنا فیصلہ سنانے کے لیے مزید مہلت حاصل کرسکتے ہیں ۔