اسلام آباد ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق چیف جسٹس ناصرالملک کو آج ملک کے عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جو دو ماہ تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اب جبکہ 25 جولائی کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے لہٰذا اس تقرری سے حکمراں جماعت پی ایم ایل (این) اور اپوزیشن کے درمیان رسہ کشی کا خاتمہ ہوگیا۔ یہ اعلان قائد اپوزیشن خورشید شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ناصرالملک شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کروانے میں اہم رول ادا کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ عبوری وزیراعظم یا نگرانکار وزیراعظم کا یہ فرض ہوتا ہیکہ وہ پارلیمنٹ کی تحلیل اور مابعد انتخابات نئی حکومت کی حلف برداری کے درمیان کے وقفہ میں ملک میں گورننس کے سلسلہ کو جاری رکھتا ہے تاکہ کوئی بدامنی یا تشدد نہ پھوٹ سکے۔ قبل ازیں نگرانکار وزیراعظم کے نام کے فیصلہ کو لیکر حکمراں جماعت بی ایم ایل (این) اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت تعطل کا شکار ہوئی تھی تاہم فیصلہ ناصرالملک کے حق میں ہوا۔