اسلام آباد 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک سابق وزیر کے بیٹے نے لاہور میں ایک معمولی سڑک حادثہ کے بعد ایک 15 سالہ نوجوان لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کنٹونمنٹ کے کاویلری گراؤنڈ کے قریب وزیر کے بیٹے کی کار اور ایک موٹر سائیکل کی معمولی ٹکر ہوگئی جس کے بعد مصطفی کنجو اور اُن کے تین باڈی گارڈس نے فائرنگ شروع کردی جس میں ایک راہگیر زخمی بھی ہوا۔ مصطفی کنجو پاکستان کے سابق وزیر صدیق کنجو کا بیٹا ہے جبکہ جس لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا اُس کا نام ذین بتایا گیا ہے جو نویں جماعت میں زیرتعلیم تھا اور زخمی ہونے والے کی شناخت حسنین کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں تین گارڈس کو گرفتار کرلیا اور اُن کی کار کو ضبط کرلیا جبکہ مصطفی جائے حادثہ سے فرار بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اُس کے خلاف ایف آئی آر درج کرتے ہوئے اُس کی تلاش شروع کردی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مصطفی کنجو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔