سابق وزیراعظم واجپائی کو جنگ آزادی بنگلہ دیش کا اعزاز

ڈھاکہ۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا پُروقار جنگ آزادی اعزاز حاصل کیا جو جنگ آزادی میں بی جے پی کے کہنہ مشق قائد واجپائی کی خدمات کیلئے انہیں عطا کیا گیا ہے ۔ صدر بنگلہ دیش عبدالحمید نے یہ اعزاز موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک شاندار تقریب میں قصرصدارت میں عطا کیا ۔ 90سالہ واجپائی اپنی علالت کی وجہ سے بنگلہ دیش کا سفر کرنے سے قاصر ہیں ۔ اس تقریب میں وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ ‘ ان کے کابینی وزراء ‘ نامور شہریوں ‘ سفارت کاروں اور بنگلہ دیش کے سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مودی نے واجپائی کی نمائندگی کرتے ہوئے اعزاز حاصل کرنے کے بعد کہا کہ واجپائی ’’ایک عظیم قائد ‘‘ اور سیاسی کارکنوں کیلئے سرچشمہ وجدان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں میں خود وہ بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تمام ہندوستانیوں کیلئے قابل فخر ہے کیونکہ اٹل بہاری واجپائی جیسے عظیم قائد کو اعزاز عطا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے زندگی بھر ملک کی خدمت کی اور عام آدمی کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ۔ سیاسی نقطہ نظر سے وہ سیاسی کارکنوں جیسے وہ ہیں سرچشمہ وجدان بنے رہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ واجپائی نے بنگلہ دیش کی جنگ آزادی میں تائید کی تھی۔ وہ اُس وقت بھارتیہ جن سنگھ کے صدر تھے اور مودی اس وقت اس کے کارکن تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان کارکن کی حیثیت سے ہر ہندوستانی کا خواب تھا کہ بنگلہ دیشی عوام کا خواب حقیقت بن جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ فخر کیلئے جنگ کرتے ہیں تو وہ ہمیشہ اُن ہندوستانیوں میں شامل رہیں گے جو تہہ دل سے چاہتے ہیں کہ آپ کے خواب حقیقت بن جائیں ۔

جب مکتی جودھابنگلہ دیش کی آزادی کیلئے اپنا خون بہا رہے تھے تو ہندوستانی بھی ان کے شانہ بشانہ بنگلہ دیشی عوام کے خواب حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے جنگ کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اسے بنگلہ دیش میں یاد رکھا گیا ہے جس کیلئے وہ شکر گذار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اٹل جی خرابی صحت کی بناء پر بنگلہ دیش کے سفر سے قاصر رہے ۔ یہ ان کیلئے اعزاز ہیں کہ اُن کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کررہے ہیں ۔ بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کرنے کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی معاشی زونس ہندوستانی کمپنیوں کی جانب سے قائم کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ایل آئی سی کو بھی بنگلہ دیش میں اپنی کارروائیوں کے آغاز کی اجازت دی جائے گی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ سے اپنی بات چیت کے دوران اس کا انکشاف کیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے معاشی کارروائیوں میں شراکت داری میں اضافہ کرنے کیلئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں ۔ نریندر مودی رسمی طور پر 98ہزار کروڑ روپئے مالیتی اسمارٹ سٹی اور امرت پراجکٹس کا 25جون کو افتتاح کریں گے ۔ یہ شہری انفراسٹرکچر اور تیز رفتار سے فروغ پذیر آبادی کیلئے کافی سہولت بخش ثابت ہوں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے شہرہ آفاق بارھویں صدی کے ڈھاکیشوری مندر کا دورہ کیا اور وہاں پوجا کی ۔ یہ اس علاقہ کا ایک شکتی پیٹ اور ڈھاکہ کا تہذیبی ورثاء کا حامل مرکز بھی ہے ۔ وزیراعظم نے علاوہ ازیں رام کرشنا مشن کا بھی دورہ کیا جو بیلیرمٹ کولکتہ کی ایک شاخ ہے ۔ مودی طویل عرصہ تک رام کرشنا مشن سے وابستہ رہ چکے ہیں اور اس کی اجتماعی دعاؤں میں بھی شرکت کرچکے ہیں ۔