منگلور 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) منگلور کے سابق میئر عبدالعزیز کو عدالت نے 2008 ء میں اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے دو ماہ کی سزائے قید سنائی ہے۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) اُنڈی منجولا شیواپا نے کل اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عبدالعزیز پر دس ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید ایک ماہ جیل میں گذارنا ہوگا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اس وقت کے الیکشن آفیسر پروین چندر کرکیرا نے 6 مئی 2008ء کو عزیز کے خلاف ایک شکایت درج کروائی تھی ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ پڈاؤ لیبر کالونی میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے باوجود انہوں نے کانگریس پارٹی کیلئے مہم چلائی تھی۔ اُن کی کار میں انتخابی ساز و سامان بھی پایا گیا تھا اور انہوں نے پیشگی اجازت حاصل کئے بغیر انتخابی مہم چلائی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ مسٹر عزیز اس وقت جے ڈی (ایس) سے وابستہ ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ عدالت کے فیصلہ کے خلاف وہ سیشن کورٹ میں درخواست داخل کریں گے ۔