سابق مرکزی وزیر مرلی دیورا کا انتقال

ممبئی ۔ 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پٹرولیم مرلی دیورا کا طویل علالت کے بعد آج صبح انتقال ہوگیا۔ 77 سالہ کانگریس لیڈر کو پیار سے مرلی بھائی کہا جاتا تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ اور دو لڑکے بشمول سابق ایم پی ملند دیورا ہیں۔ یو پی اے حکومت میں وزیر پٹرولیم اور کارپوریٹ آفیسرس تھے اور 3 مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ مسٹر دیورا کو طویل مدت تک بجٹ وزیر پٹرولیم اور کانگریس پارٹی میں خدمات انجام دینے کا اعزاز تھا۔ وہ ممبئی جنوب سے 4 مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے اور 22 سال ممبئی کانگریس کمیٹی کے صدر بھی رہے۔ علاوہ ازیں وہ گاندھی خاندان کے وفادار اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے بااعتماد رفیق تھے اور انہیں کانگریس کے فنڈ اکھٹا کرنے میں مہارت تھی کیونکہ ملک کے مشہور صنعتکاروں سے ان کے قریبی تعلقات تھے۔ کانگریس قائد مرلی دیورا کی موت پر وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی، صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے علاوہ کانگریس اور بی جے پی اور دیگر جماعتوں کے قائدین اظہارتعزیت کیا۔