سابق صدر پی سی سی بی ستیہ نارائنا کانگریس سے معطل

وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت کا شاخسانہ، ہائی کمان کی ہدایت پر کارروائی
حیدرآباد /5 جون (سیاست نیوز) کانگریس نے سابق صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا کو پارٹی سے معطل کردیا۔ واضح رہے کہ بی ستیہ نارائنا اپنے ارکان خاندان کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ تقسیم ریاست سے قبل وہ ریاستی وزیر اور متحدہ آندھرا پردیش کانگریس کے صدر تھے، جب کہ ان کی شریک حیات بی جھانسی رکن پارلیمنٹ اور ان کے بھائی رکن اسمبلی تھے۔ تقسیم ریاست کے ایک سال بعد انھوں نے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، جس کی اطلاع ملتے ہی کانگریس ہائی کمان نے ان کو پارٹی سے برطرف کردیا۔ اس دوران صدر آندھرا پردیش کانگریس این رگھوویرا ریڈی نے کانگریس ہائی کمان کے فیصلہ کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کانگریس سے وابستہ رہنے اور عہدوں سے فائدہ اٹھانے والی بی ستیہ نارائنا اقتدار کے بغیر ایک سال بھی نہیں رہ سکے۔ سیاسی زندگی عطا کرنے والی پارٹی کے خلاف وہ سرگرم رول ادا کر رہے تھے، جس کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ایک سمندر ہے، قائدین آتے جاتے رہتے ہیں، کانگریس کے لئے ہار جیت کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی، تلگودیشم کی عوام دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرے گی، کیونکہ تلگودیشم کا اک سالہ دور اقتدار مایوس کن رہا ہے۔ اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو چندرا بابو نائیڈو پورا کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، جب کہ تلگودیشم پر بھروسہ کرکے آج عوام پچھتا رہے ہیں۔