پیرس۔یکم جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی سے آج بدعنوانی کے ایک معاملہ میں پوچھ گچھ کی گئی ۔ عدالتی ذرائع کے مطابق کسی بھی سابق فرانسیسی صدر کے ساتھ ایسا رویہ شاذ و نادر ہی اختیار کیا جاتا ہے ۔ انسداد رشوت ستانی کی تحقیقات کرنے والے سرکوزی کو پوچھ گچھ کے لئے 24 گھنٹوں تک بھی روک سکتے ہیں یا پھر اُس میں مزید توسیع بھی کی جاسکتی ہے ۔ تحقیقات کرنے والوں نے قبل ازیں سرکوزی کے وکیل تھیری ہرزاگ کو حراست میں لے لیا تھا جس کے بعد سرکوزی ازخود بیان دینے کے لئے وہاں پہنچ گئے ۔
تحقیقات کے ذریعہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا سرکوزی نے ہرزاگ کے ساتھ ملکر انصاف کے تقاضوں کی تکمیل نہ کرتے ہوئے اُن سے روگردانی کی کوشش کی تھی ؟ ! 59 سالہ سرکوزی پر الزام ہے کہ اُن پر چلائے جارہے ایک دیگر مقدمہ کے بارے میں انھوں نے مجسٹریٹ سے مبینہ طورپر تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی تھیں کہ آیا کیس کس حد تک اُن کی تائید میں جاسکتا ہے ۔ انھیں یہ خفیہ اطلاع دی گئی تھی کہ اُن کے سیل فونس کی گفتگو ٹیپ کی جارہی ہے جو یہ جاننے کی کوشش تھی 2007 میں سرکوزی کے انتخابی مصارف لیبیا کے سابق ڈکٹیٹر معمر قذافی نے برداشت کئے تھے ۔