سابق صدر برازیل کی سزائے قید کے خلاف احتجاج

کوری تیبا(برازیل) ۔2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل کے سابق صدر لوئز اناشیولولاڈی سلوا کی سزائے قید کے خلاف ہزاروں افراد آج بطور احتجاج سڑکوں پر نکل آئے ۔ صدر کو بدعنوانیوں میں ملوث پائے جانے پر مستوجب سزا قرار دیا گیا تھا ۔ یکم مئی کو مے ڈے کے موقع پر تقریباً 6000 احتجاجیوں نے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کیلئے سابق صدر کی سزا کو غیر مناسب قرار دیا ۔ اس موقع پر میوزک گروپس نے بھی پروگرام پیش کئے اور سابق صدر کے سابق سیاستداں دوستوں نے تقاریر بھی کیں ۔ سابق صدر کی ورکرس پارٹی کا رنگ سرخ ہے لہذا اُسی مناسبت سے احتجاجیوں نے سرخ رنگ کے کپڑے زیب تن کر رکھے تھے اور مسلسل یہی مطالبہ کررہے تھے کہ سابق صدر کو یا تو رہا کیا جائے یا پر اس جج کو برطرف کیا جائے جس نے سابق صدر کو سزا سنائی ۔ سابق صدر گذشتہ ماہ سے جیل میں ہیں۔ ان کا ادعا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہیں صرف اس لئے پھنسایا گیا ہے کہ وہ اکٹوبر میں منعقد شدنی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے ۔