سابق ریاست حیدرآباد کے 20 اضلاع کے عازمین حج کیلئے خوشخبری

رباط میں قیام کے تنازعہ کی خوشگوار یکسوئی، چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹر ل حج کمیٹی جناب عطاء الرحمن کا انکشاف
حیدرآباد۔ 30 جون (سیاست نیوز) سابق ریاست حیدرآباد کے 20 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کیلئے خوشخبری ہے کہ حج 2015ء میں رباط میں قیام سے متعلق تنازعہ کی یکسوئی کرلی گئی ہے اور قرعہ اندازی میں منتخب فی عازم 46,000/- روپئے کی بچت ہوگی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی جناب عطاالرحمن نے ممبئی سے ’’سیاست‘‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کے مسئلہ پر ناظر رباط اور اوقاف کمیٹی کے درمیان تنازعہ کی خوشگوار یکسوئی ہوچکی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے عزیزیہ زمرہ سے منتخب کئے گئے 597 عازمین کیلئے رباط میں قیام سے متعلق مکتوب کی اجرائی کا اختیار اوقاف کمیٹی کو دیا ہے۔ رباط میں قیام سے متعلق منظوری کا مکتوب کی 597 کاپیاں اوقاف کمیٹی نظام کو روانہ کی گئی ہیں تاکہ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو جاری کی جاسکیں۔ جناب عطاالرحمن نے بتایا کہ 597 میں 585 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے جبکہ 12 عازمین نظام خاندان سے منتخب کئے جائیں گے۔ 31 جولائی تک منتخب عازمین کو اوقاف کمیٹی الاٹمنٹ لیٹر جاری کرتے ہوئے اس کی نقل سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کردے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے تنازعہ کے سبب رباط میں قیام کا مسئلہ تعطل کا شکار تھا۔ جناب عطاالرحمن کے مطابق سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 20 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا گیا۔ 30 مئی کو حیدرآباد میں قرعہ اندازی کی گئی اور منتخب عازمین کی تفصیلات سنٹرل حج کمیٹی روانہ کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے 10 اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے اضلاع کے عازمین بھی قرعہ اندازی میں شامل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اوقاف کمیٹی نظام کو چاہئے کہ وہ الاٹمنٹ لیٹرس صرف انہیں عازمین کو جاری کریں جن کا قرعہ اندازی میں انتخاب عمل میں آیا۔ جناب عطاالرحمن نے بتایا کہ اس زمرہ میں منتخب عازمین کو فی کس تقریباً 46,000/- روپئے کی بچت ہوگی اور سنٹرل حج کمیٹی نے منتخب عازمین کو دوسری قسط کی ادائیگی کے موقع پر یہ رقم منہا کرنے کا مشورہ دیا ہے اور منتخب عازمین دوسری قسط کی رقم سے 46 ہزار روپئے منہا کرتے ہوئے داخل کررہے ہیں۔ عزیزیہ زمرہ کے عازمین پہلی قسط کے طور پر 81 ہزار روپئے ادا کرچکے ہیں اور انہیں مزید 99,100/- روپئے ادا کرنے تھے۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین کو صرف 53,050/- روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ دوسری قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ 13 جولائی ہے۔ واضح رہے کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی خصوصی دلچسپی پر ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کی خدمت کے جذبہ کے تحت جاریہ سال 597 عازمین کیلئے قیام کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ موجودہ رباط کی عمارت میں صرف 264 افراد کے قیام کی گنجائش ہے اور کئی برسوں سے اتنی ہی تعداد میں عازمین کے قیام کے انتظامات کئے جارہے تھے، تاہم دو سال کے وقفہ کے بعد اس معاملے کی یکسوئی کے موقع پر جناب زاہد علی خاں نے ناظر رباط کو اس بات کیلئے کامیاب ترغیب دی کہ وہ 600 عازمین کے قیام کے انتظامات کریں۔ سعودی حکومت نے 597 عازمین کے قیام کیلئے ناظر کو تصریح جاری کی ہے۔ موجودہ رباط کے علاوہ مزید دو عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ مسفلہ میں واقع موجودہ رباط میں 263 عازمین کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اسی علاقہ میں 84 عازمین کیلئے ایک اور عمارت کرایہ پر حاصل کی گئی ہے۔ تیسری عمارت الشیشہ علاقہ میں کرایہ پر حاصل کی گئی جس میں 250 عازمین کے قیام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اسی دوران ناظر رباط حسین الشریف نے سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کی فہرست کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اوقاف کمیٹی نظام کے سیکریٹری جناب قاسم رضا نے بھی اس مسئلہ کی یکسوئی پر مسرت کا اظہار کیا۔ان کا کہنا ہے کہ نظام کمیٹی ہمیشہ ہی عازمین حج کے حق میں رہی ہے۔