نئی دہلی ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نامور سائنسداں آر اے مشہلکر اور یوگا گروہ کے ایس آئینکر اس سال کے پدم وبھوشن کے لئے منتخب ہونے والوں میں شامل ہیں جو ملک کا دوسرا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ہے جبکہ فلم اداکار کمل ہاسن مصنف و مسکن بونڈا ‘ ٹامل گیت کار وی آر تھیور ‘ ٹینس کھلاڑی لینڈر پیئس ‘ کلاسیکی گلوکارہ پروین سلطانہ ‘ جسٹس ولویر بھنڈاری کو پدم بھوشن کے لئے منتخب کیا گیا ۔ اس سال یہ ایوارڈ 25 شخصیتوں کو دیا گیا ہے ۔ کرکٹر یوراج سنگھ اور گوپی چند ان 7 کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں پدم شری دیا گیا ہے ۔ ملک کے اس چوتھے شہری اعزاز کو حاصل کرنے والوں میں اداکار پریش راول ‘ اداکارہ ودیا بالن ‘ آرٹ تھیٹر کیلئے محمد علی بیگ بھی 101 منتخب پدم شری میں شامل ہیں ۔ پدم بھوشن حاصل کرنے والوں میں گجرات کے آرٹ پینٹنگ کے ماہر غلام محمد شیخ ‘ بنگلہ دیش کے پروفیسر انیس الزماں بھی قابل ذکر ہیں ۔ پدم شری کیلئے استاد معین الدین خاں راجستھان کو آرٹ انٹرنیشنل موسیقی سارنگی کے لئے منتخب کیا گیا ۔
حکومت نے جملہ127 پدم ایوارڈس کا اعلان کیا ہے ۔ اس مرتبہ بھارت رتن کا اعلان نہیں کیا گیا کیوں کہ کرکٹر سچن تنڈولکر اور نامور سائنسداں سی این آر راؤ کو دو ماہ قبل ہی اس اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا تھا ۔ اس فہرست میں دو پدم وبھوشن ‘ 24 پدم بھوشن اور 101 پدم شری ایوارڈس ہیں ۔ ان میں 27 خواتین اور این آر آئیز و پی آئی اوز کے بشمول 7 بیرونی شہری ہیں ۔ پدم شری ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں مرکزی وزیر شردپوار کے بھائی پرتاپ گویند راؤ پوار بھی ہیں جو ممبئی سے مراٹھی اخبار شاکال کی ادارت کرتے ہیں ۔ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ 50 سالہ کمل ہاسن کو سنیما میں انکی خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا ہے جبکہ 1990 ء میں انہیں پدم شری دیا گیا تھا ۔ بنگلہ دیش کے شہری انیس الزماں بنگالی ادبکے ماہر تعلیم ہیں انہیں اس اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ۔ 36 سالہ ودیا بالن کو ان کی بہترین فلمیں ڈرٹی پکچر اور کہانی میں خاتون اداکارہ کا مضبوط رول ادا کرنے پر منتخب کیا گیا ۔ پریش راول کو بھی ہیرا پھیری ‘ اومائی گارڈ اور سردار کیلئے منتخب کیا گیا ۔