سائنسداں سنجیو گالاند کو جی ڈی برلا ایوارڈ

نئی دہلی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نامور سائنس داں سنجیو گالاند کو باوقار جی ڈی برلا ایوارڈ 2014ء کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے، کیونکہ انہوں نے شعبہ اے پی جینیٹکس اور سالماتی خلیہ کی حیاتیات کے شعبہ میں نمایاں کارنامے انجام دیئے ہیں۔ گالاند انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ پونے کے پروفیسر ہیں اور بڑے پیمانے پر جینومکس اور متعلقہ شعبوں میں ان کے کام کے لئے احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔ یہ ایوارڈ کے کے برلا فاؤنڈیشن نے 1991ء میں قائم کیا تھا۔ جی ڈی برلا ایوارڈ ہر سال سائنسی تحقیق اور نمایاں کام جو ہندوستانی سائنس دانوں نے کیا ہو، اور جو ہندوستان میں برسرکار ہوں، دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ڈھائی لاکھ روپئے نقد رقم پر مشتمل ہے۔ گالاند 20 ستمبر 1967ء کو پیدا ہوئے اور انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنس بنگلور سے 1996ء میں بایو کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کیا۔ بعدازاں وہ لارنس برکلے نیشنل لیباریٹری امریکہ میں ملازم ہوگئے۔