سائنسدانوں کی کمی نہیں ، کئی ملک واپسی کے خواہاں

نئی دہلی ۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ملک کے تحقیقی اداروں میں سائنسدانوں کی کمی اور دوسرے ملک نقل مقام پر تشویش کو مسترد کردتے ہوئے حکومت نے آج لوک سبھا کو مطلع کیا کہ بیرون ممالک میں خدمات انجام دے رہے کئی سائنسداں ملک واپسی کے خواہاں ہیں۔ حکومت کی جانب سے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹکنالوجی ہرش وردھن نے کہاکہ گزشتہ چند سال کے دوران ریسرچ اداروں اور لیبارٹریز کیلئے گرانٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے آج وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ بیرون ممالک میں کارگزار 600 سے زائد سائنسدانوں نے ملک میں مختلف فیلو شپ کیلئے درخواستیں دی ہیں اور ان میں 400 سے زائد کو منتخب کیا گیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ریسرچ اداروں ؍ لیبارٹریز سے سائنسدانوں کی کنارہ کشی کی شرح کیا زیادہ ہے انھوں نے نفی میں جواب دیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ اندیشے اعداد و شمار کی بنیاد پر نہیں پائے جاتے ۔ انھوں نے کہاکہ کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصد دو سے بھی کم ہے ۔ شخصی یا خاندانی وجوہات یا پھر ایسی ہی کسی وجہ سے علحدگی اختیار کی جاتی ہے ۔