حیدرآباد 8 ستمبر ( این ایس ایس ) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ریلوے کے احاطوں میں میں سگریٹ نوشی اور پان / گٹکھا تھوکنے کے خلاف مہم کے دوران 4643 افراد کے خلاف ماہ اگسٹ 2014 میں کارروائی کی ہے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تمام چھ ڈویژنوں میں چلائی گئی اس مہم کے نتیجہ میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے جملہ 9.33 لاکھ روپئے کے جرمانہ وصول کئے گئے ۔ کہا گیا ہے کہ اس وقت کے دوران سکندرآباد ڈویژن میں 1202 افراد ‘ وجئے واڑہ ڈویژن میں 2228 افراد ‘ گنتکل ڈویژن میں 735 افراد ‘ حیدرآباد ڈویژن میں 23 افراد ‘ ناندیڑ ڈویژن میں 184 افراد کے خلاف اور گنٹور ڈویژن میں 271 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور صفائی متاثر کرنے پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ انڈین ریلویز قوانین کے ذریعہ ریلوے انتظامیہ کو ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنے اور 500 روپئے تک کا جرمانہ کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔ صفائی اور دیگر ریلوے قوانین پر ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے تمام چھ ڈویژنوں میں اسٹیشن ماسٹرس کی جانب سے سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔