رین بازار ، بھوانی نگر ،یا قوت پورہ کے علاقے شامل ، پولیس کو جملہ 270 سودخوروں کی اطلاع
حیدرآباد، 4 جنوری ( سیاست نیوز ) ساؤتھ زون پولیس نے خانگی فینانسروں کے خلاف پھر ایک مرتبہ سخت کارروائی کرتے ہوئے 56 سود خوروں کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں آج ساؤتھ زون کے چار ڈیویژنس چارمینار ، میر چوک ، فلک نما اور سنتوش نگر میںاچانک خصوصی مہم کے تحت سود خوروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ساؤتھ زون پولیس نے آج جملہ 56 سود خوروں کو گرفتار کیا ہے جس میں 30 سود خوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں اور دیگر کے خلاف شواہد اکھٹا کئے جارہے ہیں اور ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ایسے سود خوروں کی نشاندہی کی گئی ہے جو مسلسل فینانس کا کاروبار چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو یہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ پولیس کی جانب سے سود خوروں کے خلاف کارروائی کے نتیجہ میں خانگی فینانسرس سود کی رقم وصول کرنے کیلئے خواتین کو استعمال کررہے ہیں اور یہ خواتین مرد سود خوروں سے دوگنی زیادتیاں کرتے ہوئے قرضدار سے مکان کے جی پی اے حاصل کر رہے ہیں جس کے تحت مقررہ وقت میں اصل اور سود کی رقم لوٹانے میں ناکام ہونے پر مکان کی رجسٹری سود خوروں کے نام پر کی جارہی ہے ۔ اس تشویشناک صورتحال کی اطلاع پر ڈی سی پی نے کارروائی کرتے ہوئے آج علاقہ جات رین بازار ، بھوانی نگر ، یاقوت پورہ اور پرانے شہر کے دیگر علاقوںمیں دھاوے کرتے ہوئے سودخوروں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈی سی پی پارٹی کو جملہ 270 سود خور موجود ہونے کی اطلاعات ملی ہیں اور اس سلسلے میں کارروائی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے میڈیا کو بتایا کہ سودخوری میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف تلنگانہ مَنی لینڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جارہے ہیں اور 20 سودخوروں کے خلاف پی ٹی ایکٹ لاگو کرنے کی تجاویز کمشنر پولیس روانہ کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے سودخوروں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ عوام کا خون چوسنا چھوڑدیں ورنہ ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی ۔