زیورات کی خریدی پر بی آئی ایس ہال مارکنگ کو لازم قرار دینے کا مطالبہ

کنزیومرس کونسل اور ہال مارکنگ اسوسی ایشن کے قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کنزیومرس کونسل اور ہال مارکنگ اسوسی ایشن نے مرکزی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے ہر امیر سے لے کر غریب سے غریب تر خاندانوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریدی جانے والی قیمتی دھات ’’ سونا اور سونے کے زیورات ‘‘ پر ’’ بی آئی ایس ہال مارکنگ ‘‘ کے طریقہ کار کو لازم و ملزوم قرار دینے سے متعلق فوری طور پر پارلیمنٹ میں بل پاس کرتے ہوئے اس پر موثر عمل آوری کے احکامات جاری کرے تاکہ سونا اور سونے کے زیور میں پائی جانے والی ملاوٹ کی نشاندہی میں آسانی ہوسکے اور عوام اور گاہکوں کو سونے اور سونے کی خریدی کے دوران دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں صدر کنزیومر کونسل مسٹر ایس چکراپانی ، جنرل سکریٹری مسٹر بی بھاسکر ، صدر تلنگانہ و اے پی ہال مارکنگ اسوسی ایشن مسٹر پرکاش پاٹل اور صدر ہال مارکنگ اسوسی ایشن تلنگانہ مسٹر ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج حکومت کی جانب سے ملک میں سونا جیسی قیمتی دھات پر بیورو آف انڈین اسٹانڈرڈر ہال مارکنگ پر توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں ملک کے غریب اور معصوم عوام سونے کی اشیاء کی خریدی میں دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں اور صرف 15 تا 20 فیصد جویلری شاپس پر ہی بی آئی ایس ہال مارکنگ سونے کے زیورات فروخت کئے جارہے ہیں ۔ جبکہ 70 تا 80 فیصد دوکانات پر بی آئی ایس ہال مارکنگ کے بغیر ہی سونا فروخت ہورہا ہے جس کی وجہ سے کنزیومرس کو بھاری نقصانات ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ جب کہ یکم جنوری 2008 کو بیورو آف انڈین اسٹانڈرڈ ( بی آئی ایس ) نے خود یہ اعلان جاری کیا تھا کہ سونے اور سونے کے زیورات پر بی آئی ایس ہال مارکنگ کے طریقہ کار کو لازم و ملزوم قرار دیا گیا جب کہ یہی بی آئی ایس اپنی جانب سے دئیے گئے بیان پر عمل آوری کرنے میں پس و پیش کررہا ہے جس کے نتیجہ میں خریداروں اور گاہکوں کو اصلی اور نقلی یا سونے میں ملاوٹ سے متعلق تمیزکرنا مشکل کن اور دشوار کن مرحلہ ثابت ہورہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں فوری توجہ دیتے ہوئے بی آئی ایس ہال مارکنگ طریقہ کار پر اثر کے ساتھ عمل کے لیے ضروری اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ سونے جیسی قیمتی شئے پر بی آئی ایس ہال مارکنگ کی مسلمہ حیثیت سے متعلق پارلیمنٹ ارکان کو واقف کروانے اور ان میں شعور بیدار کرنے کی غرض سے کنزیومرس کونسل اور ہال مارکنگ اسوسی ایشن کی جانب سے ایک ٹیم دہلی روانہ ہونے والی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس ہال مارکنگ کی اہمیت سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ سونا یا سونے کی اشیاء کی خریدی میں دکانداروں کی جانب سے دی جانے والی دھوکہ دہی کے خلاف کنزیومرس کونسل سے رجوع ہوں تاکہ گاہکوں کو انصاف دلایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مرکزی وزیر مسٹر رام ولاس پاسوان سے ملاقات کر کے یادداشت بھی پیش کی گئی لیکن کوئی ثمر آور نتیجہ نہیں نکلا ۔ اس موقع پر صدر کنزیومر کونسل اربن مسٹر سوریہ پرساد ، نائب صدر کنزیومر کونسل مسٹر کے جگدیشور بھی موجود تھے ۔۔