ممبئی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ تہوار کا سیزن عروج پر ہے، 73% سفر کرنے والے اس موقع کو نہایت موزوں سمجھتے ہیں کہ شہر کی گہماگمی بھری زندگی سے چھٹکارہ پاتے ہوئے کچھ دنوں کیلئے سہی کہیں پرسکون اور پرفضاء مقام پر چلے جائیں۔ ’’یاترا ڈاٹ کام‘‘کے سی او او (B2C) شرت دھال نے ایک سروے سے معلوم ہوئے اعداد و شمار میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں لوگ اب روایتی سوچھ ختم کرتے ہوئے نئے نئے مقامات کی سیر کرنے لگے ہیں جس کے لئے وہ خاص طور پر تہواروں کے سیزن کا انتخاب کرتے ہیں اور اگر یہ چھٹیاں اواخر ہفتہ سے جڑ جاتی ہیں تو ان کے لئے زیادہ فائدے کا معاملہ ہوتا ہے۔ شرت نے بتایا کہ سستے فضائی سفر اور بجٹ والی ہوٹلیں جیسے عوامل کسی بھی فرد کیلئے اپنے بجٹ کا سفر یقینی بنانے کے لئے اہم ہوتے ہیں۔ اس طرح کی باتوں کا جائزہ لینے کے لئے یاترا ڈاٹ کام نے 2,700 افراد سے رابطہ قائم کرتے ہوئے سروے کیا ہے۔ اس مرتبہ چونکہ دیوالی اور دسہرہ اواخر ہفتہ کے قریب واقع ہورہے ہیں، اس لئے 73% افراد نے جواب دیا کہ انہیں اس طرح کا موقع اپنی تناؤ بھری زندگی سے کچھ مدت کیلئے آزاد ہونے کا موزوں وقت معلوم ہوتا ہے۔ آج کل چھٹیاں منانے والے ہندوستانی سوجھ بوجھ کے ساتھ اپنے قیام و طعام کا انتظام کررہے ہیں۔ وہ بجٹ کے اعتبار سے 3-4 اسٹار ہوٹل منتخب کرتے ہیں۔