حیدرآباد میں سب سے زیادہ کٹس کی تقسیم ، سرکاری دواخانوں میں زچگی کرانے کے رجحان میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے زچہ و بچہ کے لیے شروع کردہ منفرد اسکیم کے صرف ایک ماہ کے دوران 16,023 کے سی آر کٹس تقسیم کیے گئے سب سے زیادہ حیدرآباد میں 2884 کٹس تقسیم کئے گئے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں زچگی کرانے کا رجحان بڑھا ہے ۔ ڈیلوریز کے بعد زچہ و بچہ کی شرح اموات کو گھٹانے کے لیے حکومت نے کے سی آر کٹ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس پر کامیابی سے عمل آوری ہورہی ہے ۔ اس اسکیم کے آغاز پر صرف ایک ماہ کے دوران 16,023 کے سی آر کٹس تقسیم کئے گئے ہیں ۔ دو زچگی پر مشتمل یہ اسکیم ایک ڈیلیوری پر 2 ہزار روپئے کے کٹس کے ساتھ لڑکی کی پیدائش پر جملہ 15 ہزار روپئے دئیے جارہے ہیں ۔ لڑکے کی پیدائش پر 14 ہزار روپئے دئیے جارہے ہیں ۔ اس اسکیم کو روشناس کرانے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں زچگی کرانے کا رجحان اچانک بڑھ گیا ہے ۔ حاملہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا فراہم کی جارہی ہے ۔ غریب خواتین کو محنت مزدوری سے آرام دیا جارہا ہے ۔ ایک ماہ کے دوران تلنگانہ کے 31 اضلاع میں کے سی آر کٹس تقسیم کرنے کی تفصیلات اس طرح سے عادل آباد میں 475 ۔ بھدرادی کتہ گوڑم میں 771 ، حیدرآباد میں 2884 ، جگتیال میں 498 ، جنگاؤں میں 196 ، جئے شنکر بھوپال پلی میں 338 ، جوگولامبا گدوال میں 275 ، کاماریڈی میں 515 کریم نگر میں 300 کھمم میں 622 کمرم بھیم آصف آباد میں 188 محبوب آباد میں 272 محبوب نگر میں 730 منچریال میں 377 میدک میں 241 ، میرچل ملکاجگری میں 198 ، ناگر کرنول میں 284 نلگنڈہ میں 509 نرمل میں 268 نظام آباد میں 726 پداپلی میں 325 راجنا سرسلہ میں 245 ، رنگاریڈی شمس آباد میں 446 ، سنگاریڈی میں 876 ، سدی پیٹ میں 720 ، سوریا پیٹ میں 413 وقار آباد میں 373 ونپرتی میں 326 ورنگل رورل میں 287 ، ورنگل اربن میں 1069 یادادری بھونگیر میں 276 کٹس تقسیم کئے گئے ہیں ۔ حکومت نے جاریہ سال 2017-18 کے دوران سرکاری ہاسپٹلس میں 3 لاکھ ڈیلوریز کرانے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے درکار تمام سہولتیں ہاسپٹلس کو فراہم کررہی ہے ۔ 3 لاکھ ڈیلویز اور کے سی آر کٹس کی تقسیم پر 375 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ صرف کے سی آر کٹس پر 60 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ اسکیم کی تشہیر اور دوسرے امور پر 8.62 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے پہلے مرحلے کے لیے 150 کروڑ روپئے منظور کیا ہے ۔۔