حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں صحت و صفائی کا ذمہ دا ر ادارہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے صدر دفتر میں اس کے ہی ایک نئے اعلیٰ عہدیدار زونل کمشنر (ویسٹ) رونالڈ راس ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب وہ اجلاس میں آج پہلی مرتبہ بیٹھے ہی تھے کہ ایک چوہے نے ان کے ہاتھ کو کتر دیا۔ ستم بالائے ستم یہ کہ جب وہ علاج کے لئے فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ پہنچے تو وہاں نصف گھنٹہ تک اُن کا کوئی پرسان حال نہیں تھا۔ یہ بھی ایک عجیب اتفاق ہے کہ فیور ہاسپٹل دراصل عالمی شہرت یافتہ سائنس داں سَر رونالڈ راس سے موسوم ہے جنہوں نے ملیریا کی تشخیص اور علاج دریافت کیا تھا۔ تفصیلات کے بموجب مسٹر ڈی رونالڈ راس (آئی اے ایس) کو حکومت ِ تلنگانہ نے حال ہی میں جی ایچ ایم سی نے زونل کمشنر ویسٹ زون کی حیثیت سے تقرر کیا تھا اور انہیں دفتر میں ایک چیمبر بھی مختص کیا گیا تھا۔ آج صبح وہ حسب معمول ڈیوٹی پر پہنچے تھے کہ یہ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد جی ایچ ایم سی عملہ ان کے چیمبر کی صفائی کرنے لگا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ فیور ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی جانب سے مبینہ طور پر زونل کمشنر کو توجہ نہ دیئے جانے پر مسٹر رونالڈ روز نے اِس بات پر برہمی کا اظہار کیاکہ ایک آئی اے ایس افسر کے ساتھ دواخانہ کے عملہ کا یہ رویہ ہے تو عام مریضوں کے ساتھ اِن کا سلوک کیسا ہوگا۔ غالباً اُنھوں نے یہ بھی سوچا ہوگا کہ بلدیہ کے صدر دفتر میں میں چوہوں کی یہ حالت ہے تو شہر کا کیا حال ہوگا۔
ولیج ریونیو آفیسر رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی (پریس نوٹ) اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے آج مسٹر ایم پلیا ، ولیج ریونیو آفیسر انڈکورو اور بلیمارو ، منڈل کسورو ضلع گنٹور کو ایک خانگی آفس میں ایک کسان سے 17,000 روپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ پٹہ دار پاس بک اور ملکیت نامہ کی حوالگی کیلئے جب رشوت طلب کی گئی تھی، بعد ازاں ملزم کو اے سی بی کی خصوصی عدالت وجئے واڑہ میں پیش کردیا گیا۔