زندہ دلان حیدرآباد کی سالانہ تـقاریب

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : زندہ دلان حیدرآباد کے زیر اہتمام دو روزہ تقاریب کا اہتمام عظیم الشان پیمانے پر کیا جارہا ہے چنانچہ 10 اکٹوبر بروز ہفتہ رات 8 بجے للت کلاتھورانم باغ عامہ میں کل ہند مشاعرہ بصدارت جناب زاہد علی خاں مدیر اعلیٰ روزنامہ سیاست منعقد ہوگا ۔ جناب محمود علی نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ نے مشاعرے میں شرکت سے اتفاق کرلیا ہے ۔ پروفیسر سید عبدالشکور ناظم و معتمد اردو اکیڈیمی تلنگانہ مہمان اعزازی ہوں گے ۔ ملک کے ممتاز مزاحیہ شعراء سنیل کمار تنگ ، نشتر امروہی ، مسرور شاہجہاں پوری ، مختار یوسفی ، کلیم ثمر بدایونی ، شیخ نظامی ، بے دھڑک مدراسی ، تمیز پرواز ، اقبال شانہ ، چچا پالموری ، ٹیپکل جگتیالی ، بالی ووڈ اور ٹی وی کے معروف شاعرہ زینت احسان قریشی کے علاوہ ممتاز مقامی شعرا مصطفی علی بیگ ، شاہد عدیلی ، فرید سحر ، سردار اثر ، محمد علی رفعت ، وحید پاشاہ قادری ، معین امر بمبو ، اور نجیب احمد نجیب اپنا مزاحیہ کلام پیش کریں گے ۔ فیروز رشید ناظم مشاعرہ ہوں گے ۔ مشاعرے سے ایک روز قبل یعنی 9 اکٹوبر بروز جمعہ شام ساڑھے چھ بجے ملک کے ممتاز مزاح نگار پدم شری ڈاکٹر مجتبیٰ حسین کی صدارت میں ادبی اجلاس ہوگا ۔ جس میں ڈاکٹر فرزانہ فرح ( بھٹکل ) ، مسرور شاہجہاں پوری ، الیاس صدیقی ، ڈاکٹر عباس متقی ، ڈاکٹر محمد علی رفعت ، سید امتیاز الدین ، اور حمید عادل طنز و مزاح پر مبنی تخلیقات پیش کریں گے ۔ جناب سید امتیاز الدین کی نظامت ہوگی ۔ جب کہ ڈاکٹر ممتاز مہدی کنوینر ہیں ۔ باذوق سامعین سے ہر دو تقاریب میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔ داخلہ مفت رہے گا