زنخے شادی کرسکتے ہیں، پاکستان کے علمائے دین کا فتویٰ

لاہور ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں کم سے کم 50 علمائے دین نے ایک نیا فتویٰ جاری کیا ہے جہاں انہوں نے زنخوں کی شادی کو جائز قرار دیا ہے۔ علمائے دین تنظیم اتحاد الامت سے ملحقہ ہیں جہاں کل یہ فتویٰ جاری کیا گیا۔ تاہم وضاحت یہ کی گئی ہیکہ کوئی ایسا زنخہ (ہیجڑہ) جس کے ظاہری خدوخال مردوں جیسے ہیں وہ کسی بھی خاتون  کے ساتھ اور ایسا کوئی زنخہ جس کے ظاہری خدوخال عورتوں جیسے ہیں وہ کسی بھی مرد کے ساتھ شادی کرسکتے ہیں البتہ کوئی ایسا فرد جس میں مرد و خاتون دونوں کی علامتیں ہوں، وہ شادی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اگر اپنے ہیجڑے بچوں کو اپنے ترکہ میں سے کچھ بھی نہ دے کر بالکلیہ محروم کردیئے ہیں انہیں اللہ کے قہر سے ڈرنا چاہئے۔ حکومت کو چاہئے کہ ایسے والدین کے خلاف کارروائی کرے۔ علاوہ ازیں ہیجڑے کو سماج میں حالانکہ وہ مقام حاصل نہیں ہوتا جو مرد و خاتون کو ہے لیکن کسی بھی طرح ان کی دلآزاری کرنا، توہین کرنا یا پریشان کرنا مذہب اسلام میں حرام ہے۔ فتوے میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ کسی ہیجڑے کی موت پر اس کی آخری رسومات (تجہیز و تکفین) بھی بالکل اسی طرح کی جائے گی جیسے کسی عام مرد و خاتون کی تدفین ہوتی ہے۔