زم زم کنویں کا کام مکمل 

مطاف میں لگائی گئی رکاوٹیں ہٹادی گئیں ، معتمرین کو سہولت
٭  جدہ تا مکہ اب صرف 35 منٹ میں سفر
٭   72 کیلو میٹر نئی شاہراہ کی عنقریب کشادگی
مکہ معظمہ ۔ /25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حرم شریف میں مطاف کے علاقہ میں نصب کی گئی تمام رکاوٹوں کو ہٹادیا گیا ہے ۔ منگل سے طواف کرنے والوں کیلئے مطاف کا علاقہ کھول دیا گیا ۔ آب زم زم کے کنویں کا کام مکمل ہونے کے بعد کعبۃ اللہ کے اطراف مطاف کے حصے کو رکاوٹوں کے ذریعہ چھوٹا کیا گیا تھا ۔ معتمرین کو محدود طور پر طواف کی اجازت دی گئی تھی ۔ حرمین شریفین امور کے صدر شیخ عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ زم زم کنویں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ گزشتہ اکٹوبر سے یہ کام شروع ہوا تھا جس کی وجہ سے عازمین عمرہ کو مطاف کے علاقے میں طواف کرنے کیلئے کچھ پابندیاں عائد کی گئی تھیں ۔ السدیس نے کہا کہ انجنیئروں ، ٹیکنیشنس اور خصوصی ماہروں کے بشمول ایک ہزار ورکرس نے زم زم کے کنویں کے توسیعی پراجکٹ کیلئے کام کیا ۔ اس کیلئے تین ہزار مربع میٹر کا احاطہ کیا گیا تھا ۔ اس پراجکٹ کو تین مرحلوں میں مکمل کیا گیا ۔ تزئین نو پراجکٹ میں زم زم کے ذخیرے کیلئے بنائے گئے سسٹم کو عصری طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ زم زم کی نکاسی اور اس مقدس پانی کی صفائی اور سلامتی کے ساتھ تقسیم کا بھی موثر انتظام کیا گیا ہے ۔ کعبہ سے 20 میٹر دور واقع زم زم کنویں سے روزانہ 120 ٹن زم زم مدینہ منورہ کو ٹینکرس کے ذریعہ سربراہ کیا جاتا ہے ۔ مسجد نبوی کے اندر اور اطراف میں 7 ہزار ڈبوں کے ذریعہ پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ اسی دوران اب جدہ سے مکہ معظمہ کا سفر آسان اور کم وقت میں کیا جائے گا ۔ جدہ سے مکہ معظمہ کیلئے ایک نئی شاہراہ تیار کی جارہی ہے ۔ 72 کیلو میٹر کی طویل شاہراہ کو عنقریب کھولا جائے گا ۔ اس شاہراہ سے موٹر گاڑیاں جدہ سے مکہ معظمہ تک صرف 35 منٹ میں راستہ طئے کریں گے ۔ جدہ ایرپورٹ سے شاہراہ کا آغاز ہوگا اور مکہ معظمہ میں چوتھے رنگ روڈ پر ختم ہوگا ۔ اس نئی شاہراہ سے جدہ اور اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کو سہولت ہوگی ۔