ہرارے۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) سہ رخی ٹی20 سیریزکے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ہرارے میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے چوتھے میچ میں زمبابوے کے 163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور حارث سہیل نے کیا، دونوں اوپنرز نے 58 رنز کی شرات قائم کی جس کے بعد حارث سہیل 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 47 رنز بنائے تاہم وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اورکپتان سرفراز احمد نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم حسین طلعت 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان سرفراز نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف21 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی، سرفراز احمد کی اننگز کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کا 163 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز سفاس زہوواؤ اور سلومن مرے نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 49 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا جس کے بعد سفاس زہوواؤ 24 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ سلومن نے جارحانہ انداز امیں 94 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔اوپنر سلومن مرے کے ساتھ تریسائی مسکانڈا نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 33 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔سلومن کو انکی شانداراننگز پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔