زلزلہ کی صورتحال پر مودی اور راج ناتھ کا غور

نئی دہلی، 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اتراکھنڈ میں گزشتہ رات آئے زلزلے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ ریختر پیما پر 5.8 شدت کے اس زلزلے کا مرکز رودرپریاگ ضلع میں زمین سے 33  کلومیٹر نیچے تھا اور اس کے جھٹکے دارالحکومت دہلی، پنجاب، ہریانہ اور مدھیہ پردیش تک محسوس کئے گئے تھے۔ وزیراعظم مودی نے ٹویٹ کیاکہ وزیر اعظم کا دفتر اتراکھنڈ کے حکام کے رابطے میں ہے ۔ وزیراعظم نے تمام لوگوں کی حفاظت کی آرزو بھی کی ہے ۔وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’’شمالی ہند کے مختلف حصوں میں آئے زلزلے کے پیش نظر حکام سے بات چیت کی‘‘۔ دریں اثنا مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے زلزلے کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔