زلزلہ سے متاثرہ نیپال میں زبردست بارش کا انتباہ

کھٹمنڈو۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال ہفتہ کے دن آنے والے زبردست زلزلہ کی تباہی سے ابھی ابھر بھی نہیں پایا تھا کہ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک گیر سطح موسلادھار بارش ہوگی جس کی وجہ سے زمین کھسکنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں ۔ وزارت ارضیاتی علوم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امکان ہے کہ یہ سرگرمی ملک گیر سطح پر 27اور 28اپریل کو موسلادھار بارش کی شکل میں ظاہر ہوگی ۔ امکان ہے کہ گرج چمک کے ساتھ طوفانی بادوباراں آئے گا ۔ ضروری نہیں کہ یہ نیپال کے تمام علاقوں میں ایک ساتھ آئے ۔مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش ہوسکتی ہے جس کے نتیجہ میں زمین کھسکنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں ۔ کھٹمنڈو کے بارے میں بھی اسی قسم کے موسم کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ ایسے موسم سے نمٹنے کیلئے ضروری احتیاطی اقدامات کرلیں ۔ اس کے علاوہ جن علاقوں میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں اُن کی بھی نشاندہی کی گئی ہے ۔ بیان کے بموجب مغربی بنگال اور سکم میں جو ہمالیہ کے دامن میں واقع ہے پورے علاقہ میں زبردست بارش کا اندیشہ ہے ۔

آئندہ تین دن کے دوران امکان ہے کہ مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش ہوگی ۔ ریاست بہار ‘ مغربی یو پی اور دیگر ریاستوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش کا اندیشہ ہے جو آئندہ دو یا تین دنوں میں ہوسکتی ہے ۔ بیان میںیہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک اور زلزلہ آنے کا اندیشہ بھی ہے جو آج 12بجکر 39منٹ دوپہر کو آسکتا ہے ۔ پیش قیاسی کے مطابق آج زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر پیمانے پر 6.8 تھی اس کا مبدا نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے 65کلومیٹر کے فاصلے مشرق کی سمت 10کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا ۔ اس زلزلہ کے اثرات تمام شمالی اور وسطی ہندوستان کے علاقوں بشمول ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں محسوس کئے گئے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ہندوستانی سونامی کے انتباہ کے مرکز نے زلزلے کے جھٹکے کے بارے میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مبدا اور اس کی شدت چند ہی گھنٹوں میںدوبارہ زلزلہ کا جھٹکہ محسوس ہونے سے کی جاسکتی ہے ۔ نیپال شمالی ہندوستان اور شمال مشرقی ہندوستان وہ تمام علاقے جو سلسلہ کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع ہیں زلزلہ کے اعتبار سے مخدوش سمجھے جاتے ہیں اس علاقہ کو ’’آتشی حلقہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے ۔

کوہ پیما ہندوستانی کیمپ میں پھنس گیا
کھٹمنڈو۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ایک 54سالہ ہندوستانی جو مسلسل ساتویں مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کی کوشش کررہا تھا کیمپ میں پھنس گیا ۔وہ انکوربہل میڈیسن گروپ میں شامل تھا جو زلزلہ کی وجہ سے بیس کیمپ میں پھنس گیا ہے ۔ہندوستانی مہم جوؤں کی ایک ٹیم حال ہی میں کیمپ پہنچی تھی۔