۔5 تا 6 دن کیلئے تجرباتی کوشش۔ آئندہ مارچ ۔ اپریل سے مستقبل سربراہی کا فیصلہ
حیدرآباد 5 نومبر ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے آج کہا کہ اس نے ساری ریاست میں کل سے زرعی شعبہ کیلئے تجرباتی بنیادوں پر 24 گھنٹے معیاری اور بلارکاوٹ برقی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کسانوں کو مفت اور معیاری برقی سربراہی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ اسٹیٹ جینکو کے صدر نشین اور مینیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ کل رات سے پانچ تا چھ دن کیلئے تجرباتی بنیادوں پر 24 گھنٹے بجلی سربراہی کا آغاز ہوگا ۔ یہ سربراہی ساری ریاست میں زرعی شعبہ کیلئے ہوگی ۔ صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر جینکو نے بتایا کہ پہلے ہی 24 گھنٹے معیاری برقری سربراہی تجرباتی بنیادوں پر تین اضلاع میں فراہم کی جا رہی ہے اور چیف منسٹر نے حکم دیا ہے کہ تمام اضلاع میں زرعی شعبہ کیلئے 24 گھنٹے مفت اور معیاری سربراہی کو مارچ ۔ اپریل 2018 سے یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے احکام کے مطابق برقی اداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں گذشتہ ایک سال سے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ انتظامات قطعی مراحل میں پہونچ گئے ہیں ۔ زرعی شعبہ کو مارچ ۔ اپریل 2018 سے 24 گھنٹے مفت اور معیاری برقی سربراہ کرنے کے اقدامات تیار ہیں۔
ایک سرکاری اعلامیہ کے بموجب چندر شیکھر راؤ نے ہدایت دی ہے کہ مارچ ۔ اپریل 2018 تک کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے تمام انتظامات طئے ہونے چاہئیں اور ڈسٹریبوشن اور سپلائی نظام کو موثر بنایا جانا چاہئے ۔ صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر نے محکمہ برقی کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کل سے تمام اضلاع میں تمام سب اسٹیشنوں کے تحت اور تمام پمپ سیٹس کیلئے برقی سربراہی 24 گھنٹے عمل میں لائی جائیگی ۔ اعلامیہ کے بموجب اس سلسلہ میں تمام جائزے پورے کئے جانے چاہئیں اور تمام اضلاع میں اس سربراہی کی نگرانی کرتے ہوئے اطلاعات حاصل کی جانی چاہئیں۔ تمام سب اسٹیشنوں ‘ ڈویژنوں اور ٹرانسفارمرس وغیرہ کا ڈاٹا حاصل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ تا چھ دن تک ہر منٹ اس عمل کی نگرانی کی جانی چاہئے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ پانچ تا چھ دن کے تجربہ کے بعد ساری صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا اور پھر مستقبل بنیادوں پر مفت معیاری برقی سربراہی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اعلامیہ میں ادعا کیا گیا ہے کہ حالانکہ تلنگانہ کے علاوہ کچھ دوسری ریاستیں بھی زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کر رہی ہیں لیکن ملک میں کوئی ریاست ایسی نہیں ہے جہاں 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کی جاتی ہو۔