اسلام آباد ، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کو آج کرپشن کے ایک کیس میں الزامات منسوبہ سے بری کردیا گیا، جس کا تعلق پرائم منسٹرز ہاؤس میں پولو گراؤنڈ کی غیرقانونی تعمیر سے ہے جبکہ اُن کی شریک حیات بے نظیر بھٹو وزیراعظم تھیں۔ احتساب بیورو کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم کو خاطی ثابت نہیں کیا گیا ہے۔ زرداری کے کونسل فاروق نائک نے عدالت کو بتایا کہ مدعا علیہ کے خلاف ایک بھی گواہ نے حلفیہ بیان نہیں دیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ استغاثہ کے داخل کردہ ریکارڈز اصلی نہیں ہیں، کیونکہ وہ نقول ہیں اور کوئی قانونی اہمیت نہیں رکھتے ہیں۔ عدالتی بنچ نے 20 مئی کو تقریباً 17 سال پرانے کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کردیا تھا۔